رمضان شوگر مل کیس:شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی
فائل فوٹولاہور :احتساب عدالت میں رمضان شوگر مل کیس میں شہباز شریف کی عدم پیشی پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی، کارروائی یکم جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے رمضان شوگر مل کیس کی سماعت کی،اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے لیکن شہباز شریف کورونا رپورٹ مثبت آنے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئےجبکہ ان کی کورونا کی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی۔
احتساب عدالت لاہور نے شہباز شریف کے پیش نہ ہونے پر آج دونوں پر فرد جرم عائد نہ کی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب دونوں ملزمان عدالت میں پیش ہوں گے تب فرد جرم عائد کی جائے گی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا شہباز شریف قرنطینہ میں ہیں؟ جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ شہباز شریف اپنے گھر ماڈل ٹاؤن میں قریطنہ کئے ہوئے ہیں۔
عدالت نے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کو دوران سماعت بلا اجازت بیٹھنے پر ڈانٹ دیا۔
جج نے کہا کہ جب کورٹ کی پروسیڈنگ ہو رہی ہو تو پھر کٹہرے میں آ کر کھڑے ہوا کریں، جس پر حمزہ شہباز نے کہا کہ جی بلکل جج صاحب، آئندہ ایسا ہی ہو گا۔
عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی درخواست پر سماعت 3ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو یکم جولائی کو دوبارہ طلب کر لیا۔
احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت دیگر 13 ملزمان کے خلاف آشیانہ کیس کی سماعت بھی وکلا کی ہڑتال کے باعث 16 جون تک ملتوی کر دی۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔